روس میں ملازمین کو اپریل کی تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں

   

ماسکو ۔3 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام) روسی صدر ولادی میر پوتین نے کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے تمام ملازمین کوتنخواہ کے ساتھ ماہ اپریل کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ صدر پوتین نے ٹیلی ویژن پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ملک بھر کے ملازمین کیلئے اپریل کے مہینے کی تعطیل کا فیصلہ کیا ہے۔ 28 مارچ سے 30 اپریل تک تمام ملازمین رخصت پر ہوں گے اور انہیں باقاعدہ اپریل کی تنخواہ دی جائیگی۔اس کے علاوہ شہریوں کو ایک دوسرے سے دور رکھنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔گذشتہ ہفتے پوتین نے کہا تھا کہ روس 3 ماہ سے بھی کم عرصے میں کرونا وائرس کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوجائیگا۔ کچھ ممالک کہتے ہیں کہ (کرونا وائرس) کے خلاف جنگ بہت طویل ہوگی، لیکن انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ روس دو سے تین ماہ کے اندر اس بحران سے نکل آئیگا۔ انہوں نے اپنے شہریوں کو یقین دلایا کہ ہم یقینی طور پر اس بحران سے نکل جائیں گے۔