ماسکو : روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے ان کے ملک کی عدالتیں 200 سے زائد یوکرینی جنگجوؤں کو سزائے قید سنا چکی ہیں جبکہ دوسری جانب روس نے تازہ حملوں میں دارالحکومت کیئف کو نشانہ بنایا ہے۔ایف پی کے مطابق سرگئی لاروف نے روسی نیوز ایجنسی آر آئی اے کو بتایا کہ ’روسی فیڈریشن کی عدالتیں یوکرینی مسلح تنظیموں کے 200 سے زائد نمائندوں کو مظالم کے ارتکاب پر طویل قید کی سزا سنا چکی ہیں۔‘فروری 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے دونوں فریقین ایک دوسرے پر متعدد مظالم کا ذمہ دار ٹھہراتے آئے ہیں۔وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بتایا کہ روسی تحقیقاتی کمیٹی نے تقریباً 900 یوکرینی افراد کے خلاف 4 ہزار مجرمانہ مقدمات کے تحت کارروائی شروع کی ہے۔’ان میں نہ صرف بنیاد پرست قوم پرست انجمنوں کہ ارکان، یوکرینی سکیورٹی فورسز اور کرائے کے فوجی شامل ہیں بلکہ یوکرین کے فوجی اور سیاسی قائدین کے نمائندے بھی شامل ہیں۔‘اقوام متحدہ کو روسی حکام کے جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کے مسلسل ثبوت ملے ہیں جن میں تشدد، عصمت دری اور بچوں کی ملک بدری شامل ہیں۔