ماسکو ۔ 13 ستمبر (ایجنسیز) روس کے کامچٹکا علاقہ کے مشرقی ساحل کے قریب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق آج صبح محسوس کیے گئے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.4 ریکارڈ کی گئی۔ یو ایس جی ایس کے مطابق، زلزلے کا مرکز پیٹرو پاولوسک کامچٹسکے کے مشرق میں 111.7 کلومیٹر (69.3 میل) مشرق میں تھا اور اس کی گہرائی 39 کلومیٹر تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی و مالی نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر (پی ٹی ڈبلیو سی) کے مطابق زلزلے سے ممکنہ سونامی آنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پی ٹی ڈبلیو سی نے اس سے قبل ممکنہ سونامی کا خطرہ ظاہر کیا تھا، تاہم اب مرکز کا کہنا ہے کہ اب سونامی کا خطرہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال روس کا جزیرہ نما کامچٹکا 20 جولائی کو پانچ طاقتور زلزلوں کی زد میں آیا تھا، جس میں سب سے بڑے زلزلے کی شدت 8.8 ریکارڈ کی گئی تھی۔
روسی تیل خریدنے والے ممالک پر مشترکہ محصولات لگائے جائیں: اسکاٹ بیسنٹ
واشنگٹن ۔ 13 ستمبر (ایجنسیز) امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے مشترکہ حکمتِ عملی ہی روسی صدر پوٹن کی جنگی مشین کو کمزور کر سکتی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے G-7 اور یورپی یونین سے روسی تیل خرید نے پر ہندوستان اور چین پر محصولات لگانے پر زور دیا ہے۔ امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ روسی تیل خریدنے والے ممالک پر مشترکہ محصولات لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف متحدہ حکمتِ عملی ہی یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے مؤثر ثابت ہوسکتی ہے۔ امریکی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ صرف مشترکہ حکمتِ عملی ہی پوٹن کو جنگ میں کمزور کر سکتی ہے۔ دوسری جانب G-7 وزرائے خزانہ کا اجلاس کینیڈین وزیرِخزانہ فرانسوا۔فلپ شیمپین کی زیرِصدارت ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں G-7 وزرائے خزانہ روس پر مزید پابندیوں اور محصولات پر غور کیا۔ یوکرین کے دفاع کے لئے منجمد روسی اثاثوں کے استعمال پر بات چیت کو تیز کریں گے، جی7 وزراخزانہ میں اتفاق ہوگیا ہے۔