روس نے ایران کیخلاف جنگ کے فوری خاتمہ کا مطالبہ کیا

   

ماسکو، 20 مارچ (یو این آئی) روسی وزارت خارجہ نے خلیج فارس کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ روس ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی بلا اشتعال جارحیت سے پیدا ہونے والی کشیدگی کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے ۔ روس کی وزارت خارجہ نے جمعرات کے روز کہا کہ روس مستقل طور پر دوست عرب ممالک اور ایران کے درمیان پرامن، محفوظ اور ہم آہنگی کے ساتھ بقائے باہمی کے حالات پیدا کرنے کی ضرورت کا حامی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اس سمت میں پہلے قدم کے تحت امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر فوجی کارروائیوں کو روکنا چاہیے ۔ وزارت نے اس بات کی تصدیق کی کہ روس خطے میں دیرپا امن واستحکام کے حصول کیلئے خطے کے تمام ممالک کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی اور سفارتی ذرائع سے تنازعات کا حل تلاش کرنے میں مدد کرنے کیلئے تیار ہے ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم سیاسی اور سفارتی ذرائع سے مغربی ایشیا میں جاری تنازعات کو حل کرنے کیلئے تعمیری مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں، جس میں پائیدار حل تلاش کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں کے حالات پیدا کرنا بھی شامل ہے جس سے خطے کے تمام ممالک کے جائز مفادات میں توازن رکھا جائے ۔