ماسکو ۔ 20 ستمبر (ایجنسیز) روس نے استونیا کا فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام مسترد کر دیا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق 3 مگ تھرٹی ون طیاروں نے کاریلیا سے کیلین انگراڈ علاقہ میں واقع ایئر فیلڈ تک جمعہ کو شیڈولڈ پروازیں کی تھیں اور اس دوران طیارے بین الاقوامی فضائی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے پرواز کرتے رہے۔ وزارت دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ طیاروں نے استونیا سمیت کسی بھی ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی، دعویٰ کیا گیا کہ مانیٹرنگ سے بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق پروازیں ویندلو جزیرے سے 3 کلومیٹر کے فاصلے پر بحیرہ بالٹک کے غیرجانبدار حصہ کے اوپر کی گئیں۔ اس سے قبل استونیا کی وزارت خارجہ نے روس کے ناظم الامور کو جمعہ کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھمایا تھا اور الزام لگایا تھا کہ روسی طیاروں نے استونیا کی فضائی حدود کی 12 منٹ تک خلاف ورزی کی۔ استونیا نے ناٹو سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا تھا تاکہ اپنی سلامتی کے خدشات کی بنیاد پر آرٹیکل فور کے تحت روس کے خلاف کارروائی پر غور کیا جائے۔
امریکہ اسرائیل کو 6 بلین ڈالر کا اسلحہ فروخت کرے گا
واشنگٹن ۔ 20 ستمبر (ایجنسیز) امریکہ اسرائیل کی مسلح افواج کے لیے 6 بلین ڈالر کا اسلحہ فروخت کرے گا۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ اسرائیل کو 6 بلین ڈالر کا اسلحہ فروخت کرے گی جس کے لیے کانگریس سے منظوری لی جائے گی۔ امریکی اخبار نے بتایا کہ اسرائیل کو فروخت کیے جانے والے اسلحے میں 30 اپاچی گن شپ ہیلی کاپٹر اور 3 ہزار 250 فوجی گاڑیاں شامل ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے 30 روز قبل کانگریس میں اسرائیل کو مجوزہ اسلحہ فروخت تجویز پیش کی تھی۔ فروخت کی منظوری کے بعد اسرائیل کو یہ سامان حرب 3 سال کی مدت کے دوران فراہم کیا جائے گا۔