روس نے مغربی ممالک کے فراہم کردہ ہتھیاروں کے ذخیرہ کو تباہ کر دیا: یوکرین

   

کیف : روسی افواج نے مغربی یوکرین کے چورتکیف قصبے میں اس اسلحہ ڈپو کو تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے، جس میں امریکی اور یورپی ہتھیار رکھے ہوئے تھے۔ ادھر مشرقی یوکرین کے شہر سیویروڈونٹسک پر کنٹرول کے لیے شدید لڑائی جاری ہیروسی افواج کا کہنا ہے کہ انہوں نے یوکرین کے مغربی علاقے ترنوپیل کے قصبے چورتکیف میں واقع اسلحے کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا۔ روسی فورسز کے مطابق اس مقام پر وہی ہتھیار موجود تھے جو امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے یوکرین کو فراہم کیے گئے تھے۔ترنوپیل کے علاقائی گورنر وولودمیر ٹرش نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں 22 افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک فوجی تنصیب اور چار رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ادھر یوکرین کے صدر وولودمیر زیلینسکی نے چورتکیف حملے کے بارے میں کہا کہ دفاعی حکمت عملی کے اعتبار سے اس حملے کی بالکل اسی طرح کوئی معنویت نہیں ہے، جیسے کہ بیشتر روسی حملوں کی اور یہ کہ یہ ایک طرح کی دہشت گردی ہے، صرف دہشت گردی ہے۔اس موقع پر زیلنسکی نے مغربی ممالک سے یوکرین کے لیے جدید میزائل ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کی درخواست بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ زندگیاں ہیں جنہیں بچایا بھی جا سکتا تھا، اگر یوکرین کی بات سنی جاتی، تو ایسے سانحے روکے جاسکتے تھے۔یوکرین کے مشرقی علاقوں کے مقابلے میں مغربی علاقوں پر حملے بہت کم ہو تے رہے ہیں۔ مشرق میں تو اس وقت یوکرین اور روسی افواج کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔