لندن: برطانیہ کی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں سنہ 2019 کے انتخابات میں روس نے یقینی طور پر غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی دستاویزات کے ذریعے مداخلت کرنے کی کوشش کی تھی۔برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مداخلت کرنے کی کوششیں مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ امریکہ اور برطانیہ کے درمیان تجارتی مذاکرات کی دستاویزات انٹرنیٹ پر جاری کی گئیں اور جن کو لیبر پارٹی نے اپنی انتخابی مہم میں استعمال کیا۔برطانیہ کے جمہوری نظام میں مداخلت کے بارے میں الزامات پر کافی عرصے سے تاخیر کا شکار تفصیلی رپورٹ اگلے ہفتے جاری ہونے کی توقع ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ برطانوی حکومت نے وثوق کے ساتھ روس کی طرف سے برطانیہ کے جمہوری نظام میں مداخلت کا اعتراف کیا ہے۔برطانوی کی حزب اختلاف لیبر پارٹی نے کہا ہے کہ وہ روس یا کسی دوسری بیرونی طاقت کی طرف سے ملک کے جمہوری نظام میں مداخلت کی کوششوں کی مذمت کرتی ہے۔