ماسکو : 20اگست ( ایجنسیز ) روس نے یوکرین میں نیٹو امن فوج کی تعیناتی سے متعلق یوکرین اور یورپی رہنماؤں کی تجویز مسترد کر دی۔امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے صدر پوٹن سے ٹیلی فون پر طویل بات چیت کی جس میں صدر پوٹن نے امریکی ہم منصب کو آگاہ کیا ہے کہ وہ یوکرینی ہم منصب زیلنسکی سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔روس اور یوکرین کے صدور کی ملاقات اگست کے آخر تک ہونے کی امید ظاہر کی گئی۔یورپی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے یوکرینی صدر اور یورپی رہنماؤں سے بات چیت کے دوران ہی روسی صدر کو ٹیلی فون کر دیا تھا۔روس کے صدارتی مشیر یوری اْوشاکوف کے مطابق ٹیلی فون امریکی صدر نے کیا اور یہ گفتگو 40 منٹ تک جاری جو کہ بے تکلفی پر مبنی اور تعمیری تھی۔صدر ٹرمپ اور صدر پیوٹن نے روس اور یوکرین کے درمیان براہ راست بات چیت کی حمایت کی جس میں دونوں ملکوں کے نمائندوں کا درجہ بڑھانے کی تجویز پر بھی آمادگی کا اظہار کیا گیا۔