روس کا سب سے بڑا فوجی قافلہ کیف کے قریب پہنچ گیا

   

ماسکو : روس کا سب سے بڑا فوجی قافلہ آج جمعہ کو علی الصباح یوکرین کے دارالحکومت کیف کے قریب پہنچ گیا۔امریکی سیٹلائٹ کی تصاویر سے ظاہر ہو رہا ہے کہ روس کے اس بڑے فوجی قافلے نے کیف کے مغرب میں انتونوف ہوائی اڈے کے نزدیک اپنی صفوں کو اکٹھا کرنا شروع کر دیا۔ تصاویر سے واضح ہوا ہے کہ روسی قافلے کے فوجیوں کو از سر نو تعینات کیا جا رہا ہے۔البتہ مغربی رپورٹوں میں روسی فوجی قافلے کی کیف سے دوری کی مسافت کے حوالے سے متضاد خبریں آ رہی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ روسی قافلہ یوکرین کے دارالحکومت سے 5 سے 40 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔ایک امریکی ذمہ دار نے این بی سی نیوز چینل کو بتایا کہ امریکی انٹیلی جنس کے اندازے کے مطابق آئندہ ایک سے دو ہفتوں میں روس کو کیف پر کنٹرول حاصل ہو سکتا ہے۔ ذمہ دار کے مطابق روس کو عسکری طور پر کافی بڑی برتری حاصل ہے تاہم اس کے آپریشن میں اس مؤثر رابطہ کاری کا فقدان نظر آ رہا ہے جو کسی بڑی فوج کا خاصہ ہوتا ہے۔ادھر امریکی وزارت خارجہ نے باور کرایا ہے کہ یوکرین پر جلد قبضے کے حوالے سے روسی صدر ولادی میر پوتین کے منصوبے ناکام ہو چکے ہیں۔امریکی مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی CIA کے سربراہ ولیم بیرنز نے جمعرات کے روز کہا کہ ’’اگرچہ روسی صدر ولادی یر پوٹن نے اپنے ملک کے اندر ذرائع ابلاغ پر کنٹرول سخت کر دیا ہے تاہم وہ یوکرین میں ہونے والے واقعات کی حقیقت ہمیشہ کے لیے نہیں چھپا سکتے۔ ایسے بہت سے روسی ہیں جن کے پاس موجود انٹرنیٹ کنکشنز پر نگرانی نہیں ہے۔ وہ یوٹیوب تک رسائی حاصل کر کے وہاں سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں … روسی عوام زخمی اور ہلاک فوجیوں کی وطن واپسی پر حقیقت خود جان لیں گے‘‘۔