روس کا واٹس ایپ، اسنیپ چیٹ اور دیگر سوشل میڈیاپلیٹ فارمز پر جرمانہ

   

ماسکو ۔ روس کے دارالحکومت ماسکو کی ایک عدالت نے جمعرات کو سوشل میڈیا سروسز واٹس ایپ ، اسنیپ چیٹ اور دیگر غیر ملکی سوشل میڈیا کمپنیوں پر ملک کے اندر صارفین کا ڈیٹا ملک کے اندر مقامی طور پر ذخیرہ کرنے سے مبینہ انکار پر جرمانہ عائد کیاہے۔ خبررساں ادارے اسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عدالت نے روس کے اسٹیٹ کمیونیکیشن ریگولیٹر روزکومنزدور کی شکایت پر غور کیا جس میں سوشل میڈیا سروسز پر جرمانے عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق سنیپ چیٹ کی مالک سنیپ انک پر 1 ملین روبل (تقریباً 17 ہزار امریکی ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ میٹا کی ملکیت والے واٹس ایپ میسنجر پر روسی فیڈریشن کی سرزمین پر روسی صارفین کے ڈیٹا کو لوکلائز کرنے سے بار بار انکار کرنے پر 18 ملین روبل (تقریباً 3 لاکھ امریکی ڈالر) جرمانہ کیا گیا۔