روس کا کُرد اور شامی حکومت کے درمیان بات چیت پر زور

   

ماسکو۔9 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کا کہنا ہے کہ ماسکو شام کے شمال مشرق میں حالیہ صورتحال کے حوالے سے شامی حکومت اور کردوں کے درمیان بات چیت کی دعوت دیتا ہے۔ چہارشنبہ کے روز قازقستان کے دارالحکومت نور سلطان میں بات چیت کے بعد لاؤروف نے مزید کہا کہ شام میں کردوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں کشیدگی میں اضافے سے گریز کرنا ضروری ہے۔روسی وزیر خارجہ نے شمالی شام میں امریکی انخلا کے حوالے سے واشنگٹن کے متضاد اشاروں کے خطرات سے خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس سے پورا علاقہ بھڑک سکتا ہے‘‘۔ لاؤروف کا کہنا تھا کہ علاقے میں امریکی فورسز کے انخلا کے اعلان کے بعد کردوں کو ’’شدید تشویش‘‘ محسوس ہو رہی ہے۔دوسری جانب شمالی شام میں کرد خود مختار انتظامیہ کے مشیر دران جیا کُرد نے چہارشنبہ کی صبح ’العربیہ ‘کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ترکی کے حملے کا مقابلہ کرنے کیلئے ہم تمام آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔