انسانی حقوق کی پاسداری ضروری ۔ پاکستان میں سیلاب سے زبردست تباہی ، امریکی لیڈر کا خطاب
نیویارک : امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس سے خطاب میں یوکرین پر روس کے حملے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ صدر نے اپنے خطاب میں پاکستان میں سیلابوں کا حوالہ دیتے ہوئے ماحولیاتی تغیر اور اس کی انسانی قیمت کو بھی اجاگر کیا ہے۔بائیڈن نے دنیا میں جاری تنازعات کے سفارتکاری کے ذریعے حل اور انسانی حقوق کی پاسداری کا بھی اعادہ کیا۔چہارشنبہ کے روز نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں صدر جو بائیڈن نے گزشتہ روز ماحولیاتی چیلنجز سے نمنٹے میں امریکی کرادار کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بڑے پیمانے پر آنے والے سیلاب کے حوالہ دیا اور کہا کہ ملک کا زیادہ تر حصہ ابھی تک زیر آب ہے اور اسے مدد کی ضرورت ہے۔صدر بائیڈن نے کہا کہ یہ ماحولیات تبدیلیاں ہی ہیں جن کے سبب قرن ہائے افریقہ میں خشک سالی اور قحط کا سامنا ہے جبکہ پاکستان اس وقت بھی پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ ان کے بقول ’’ماحولیاتی تغیر کی یہ بڑی انسانی قیمت ہے جو ہم چکا رہے ہیں‘‘۔صدر جو بائیڈن نے یوکرین پر روس کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اس بارے میں تفصیلی اظہار خیال کیا۔انہوں نے کہا:’’ روس نے شرمناک انداز میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے‘‘۔صدرنے کہا کہ سلامتی کونسل کے ایک اہم رکن ملک نے ایک آزاد خودمختار ملک کے علاقوں پر قبضہ کیا ہے اور یوکرین میں شہریوں کے خلاف سنگین جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ روس کے صدر ولادی میر پوٹن یورپ کے خلاف جوہری ہتھیاروں کی دھمکیاں ایک غیر محتاط رویہ ہے اور ایک ایسے ملک کی ذمہ داریوں کے منافی ہے جو جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاو کے بین الاقوامی معاہدے پر دستخط کنندہ ہے۔صدر بائیڈن نے عالمی غذائی عدم تحفظ سے نمٹنے کیلئے امریکی حکومت کی جانب سے 2.9 بلین ڈالر سے زیادہ کی نئی امداد کا بھی اعلان کیا۔وائٹ ہاوس نے صدر کے غذائی تحفظ کے امدادی اعلان کے ساتھ ایک فیکٹ شیٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وبائی امراض کے پیچیدہ اثرات، موسمیاتی بحران کا گہرا ہونا، توانائی اور کھاد کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، اورروس کے یوکرین پر حملے سمیت طویل تنازعات نے عالمی سپلائی چین کو متاثر کیا ہے اور عالمی خوراک کی قیمتوں میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے۔صدبائیڈن نے روس پر جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی “غیر محتاط” اور “غیر ذمہ دارانہ” دھمکیاں دینے کا الزام لگایا۔