روس کا یوکرین پر 430 ڈرونز اور 18 میزائلوں سے حملہ، 8 افراد ہلاک، عمارتیں تباہ

   

کیف۔ 15 نومبر (یو این آئی) روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر ڈرونز اور میزائلوں کی بارش کردی جس کے نتیجے میں 8 افرادہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ روس نے 430 ڈرون اور 18 میزائلوں سے دارالحکومت کیف کو نشانا بنایا۔ انہوں نے کہا کہ روس کی جانب سے ان حملوں میں شہری آبادی ، عمارتوں اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ یوکرینی حکام نے روس کے بہت سارے ڈرونز اور میزائل مار گرانے کا دعویٰ کردیا، ساتھ ہی واضح کیا کہ ڈرونز اور میزائل حملوں سے عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ عرب میڈیا کے مطابق کیف پر روسی حملوں میں آذربائیجان کے سفارتخانے کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا جس کے بعد آذربائیجان نے روسی سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ روس نے کہا ہے کہ یوکرین کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کی روشنی میں نیٹو کو محتاط رہنا چاہیے ۔ روسی حکام کے مطابق براہ راست مداخلت روس ناٹو تصادم کا باعث بن سکتی ہے ۔