روس کا 2ماہ کے وقفہ بعد یوکرین پر دوبارہ حملہ

   

ماسکو : روس نے تقریباً 2 ماہ کے وقفے کے بعد یوکرین کے دارالحکومت کیف پر میزائل داغ دیا، تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فضائی دفاعی نظام کے ذریعہ رات گئے ہونے والے ڈرون حملوں کو ناکام بنادیا گیا۔خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ کل شام اور آج صبح کے درمیان روس نے کیف پر تقریباً 40 ڈرون اور بیلسٹک میزائل داغے، خارکیف اور اوڈیسا پر بھی ڈرونز اور راکٹ برسائے۔کیف شہر کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ سرگی پوپکو نے کہا کہ 52 روز کے طویل وقفے کے بعد کیف کو ایک میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔وسطی کیف میں ’اے ایف پی‘ کے صحافیوں نے صبح کے وقت 2 زوردار دھماکوں کی آوازیں سنیں اور آسمان پر دھواں اڑتے دیکھا گیا، اس کے فوراً بعد ایئر سائرن بجنے لگے۔فضائیہ نے کہا کہ اس نے کیف کی طرف آنے والے ایک میزائل کو تباہ کر دیا، وہ اسکندر بیلسٹک میزائل یا ایس-400 طیارہ شکن میزائل تھا، واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔