روس کو مغرب کو منقسم کرنے نہ دیا جائے : پومپیو

   

بڈاپسٹ ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے آج ہنگری کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ روس مغرب کو منقسم کرنے کی کوشش کررہا ہے جبکہ پومپیو کے ہنگرین ہم منصب پیٹر سیجارٹو نے ہنگری کے ساتھ روس کے تعلقات کو ہدف تنقید بنانے کی مذمت کی اور اسے منافقت سے تعبیر کیا۔ یاد رہیکہ پومپیو اس وقت یوروپی یونین میں روس کے سب سے بڑے حامی ملک ہنگری کے دورہ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنگری کا گیس کیلئے روس پر انحصار ہے اور اس کی صدر روس ولادیمیر پوٹن سے دوستی قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہوسکتی ہے لہٰذا ہمیں یہ دیکھنا چاہئے کہ پوٹن ناٹو کے دوستوں میں نہ پھوٹ ڈلوائیں۔ پومپیو نے پیئر سیجارٹو کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران یہ بات کہی۔ تاہم سیجارٹو نے کہا کہ مغربی ممالک جس طرح ہنگری کی روس کے ساتھ دوستی کی مذمت کررہے ہیں انہیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ یوروپی یونین کے دیگر ممالک بھی ایندھن کیلئے روس پر ہی انحصار کرتے ہیں۔