روس کیلئے جاسوسی ، میکسیکو کا شہری امریکہ میں گرفتار

   

میکسیکو سٹی، 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) روس کے لئے جاسوسی کرنے کے شبہ میں میکسیکو کا شہری ہیکٹر الیکژاندرو کیبریرا فوئنتیس کو امریکہ میں گرفتار کیا گیا ہے ۔یہ جانکاری میکسیکو کے شہر ال ایسپینل کے میئر ہیزیل ماٹس نے دی ہے ۔ کیبریرا میکسیکو کے جنوبی صوبہ اوکساکا میں ایک سائنسی پراجکٹ پر کام کر رہا تھا اور اس نے شعبہ طب میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔میلینیو نیوز نے مسٹر ماٹس کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے ‘‘کیبریرا ہمارے علاقے میں ایک سائنسی پروجیکٹ کا حصہ تھا اور اسے طبی میدان میں نوبل انعام کے لئے ایک امیدوار کے طور پر تسلیم کیا گیا تھا۔ ملینیو نیوز کے مطابق اس نے (کیبریرا) روس کے قازان وفاقی یونیورسٹی سے مائیکروبایولوجی اور مولیکیولر بایولوجی (سالماتی حیاتیات) میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے ۔ اس کے علاوہ اس نے جرمنی کے گیسین یونیورسٹی سے بھی ڈگری حاصل کی ہے ۔