روس کی برطانوی فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے کی دھمکی

   

ماسکو : روس نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر یوکرینی سرزمین سے ہم پربرطانوی اسلحے سے حملوں کی کوشش کی گئی تو ہم یوکرین اور اس سے باہر کہیں بھی موجود برطانوی عسکری تنصیبات پر حملہ کر دیں گے۔ روسی امور خارجہ نے برطانیہ سے متعلق اپنے بیان میں اس بات سے خبردار کیا۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے رائٹرز سے کی گئی گفتگو کے دوران کہا تھا کہ یوکرین کو روس پر حملوں کیلئے برطانوی اسلحے کے استعمال کا حق حاصل ہے جس پر روس نے برطانوی سفیر نائیجل کیسی کو دفتر خارجہ طلب کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔احتجاجی مراسلے میں واضح کیا گیا کہ کیمرون کا یہ دشمنانہ بیان برطانیہ کے ان وعدوں سے متصادم ہے جس میں کہا گیا تھا کہ یوکرین کو فراہم کیے جانے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل روسی سرزمین کے خلاف استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ کیمرون نے اس بیان کو مسترد کر تے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ ان کا ملک تنازعہ کا اصل فریق ہے۔ روس، کیمرون کے بیانات کو سنگین تناؤ اور اس بات کی تصدیق کا ثبوت سمجھتا ہے کہ اس تنازعہ میں لندن حکومت کیف کے ساتھ ہے۔