روس کی جی ۔ 7 ممالک کو تیل کی فراہمی روکنے کی دھمکی

   

ماسکو: روس نے جی 7ممالک کو تیل کی فراہمی روکنے کی دھمکی دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان ممالک پر پابندی عائد کی جائیگی جو واشنگٹن کی جانب سے تیل کی قیمت تجویز کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے کہا ہے کہ جو ممالک واشنگٹن کی طرف سے تیل کی قیمت کی تجویز کی حمایت کررہے ہیں اور وہ ممالک یا کمپنیاں جو روس پر پابندیاں عائد کریں گے، ہم انہیں اپنا تیل اور تیل کی مصنوعات فراہم نہیں کریں گے، کیونکہ ہم منڈی سے ہٹ کے کام نہیں کریں گے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت گروپ آف سیون (جی 7)ممالک کی طرف سے روسی تیل کی قیمتوں کو محدود کرنے کے منصوبے پر بحث کی جا رہی ہے۔ روسی تیل پر قیمت کی حد قائم کرنے کا تصور ماسکو کی اجناس کی برآمد سے ہونے والی آمدنی کو کم کرنے کے ایک آلے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، روسی خام تیل کو مارکیٹ سے باہر کرنے کی کوششوں کا ناکام بنایا جائے گا۔ نوواک نے متنبہ کیا کہ اس طرح کا منصوبہ تیل جیسی اہم صنعت کے مارکیٹ میکانزم کو خطرے میں ڈال دے گا اور صرف صنعت اور تیل کی منڈی دونوں کے عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے اور اگر ایسا ہوا تو یورپی اور امریکی صارفین سب سے پہلے اس کی قیمت ادا کریں گے، جب کہ وہ پہلے سے ہی اپنے غلط اقدامات کی وجہ سے آج بہت زیادہ قیمتیں ادا کر رہے ہیں۔