روس کی حمایت میں فوج بھیجنے شمالی کوریا کا اعتراف

   

پیانگ یانگ : شمالی کوریا نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ اس کے فوجیوں نے روس کے علاقہ کرسک میں یوکرینی فوج کے زیر کنٹرول علاقہ کو دوبارہ حاصل کرنے میں ماسکو کی مدد کی۔ شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے سی این اے نے پیر 28 اپریل کے روزء بتایا کہ کمیونسٹ کوریا کے فوجیوں نے ماسکو کی کرسک کے روسی سرحدی علاقہ میں یوکرینی فوج کے زیر کنٹرول علاقہ پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے میں مدد کی۔ اس نیوز ایجنسی نے کہا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے روس کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدہ کے تحت ملکی فوج کی وہاں تعیناتی کا حکم دیا تھا۔ کے سی این اے نے ملکی فوجی کمیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سربراہ مملکت کے حکم کے تحت، جمہوریہ کی مسلح افواج کی ذیلی اکائیوں نے روس کی سرزمین کو اپنے ملک میں سے ایک سمجھا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اتحاد کو ثابت کیا۔ ایک اندازے کے مطابق شمالی کوریا نے روسی افواج کے ساتھ مل کر یوکرین کے خلاف لڑنے کے لیے تقریباً 14000 فوجی بھیجے ہیں۔ روس نے ہفتہ کے روز پہلی بار تصدیق کی تھی کہ شمالی کوریا کے فوجی کرسک میں روسیوں کے ساتھ مل کر لڑ رہے ہیں۔ ماسکو نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ یوکرین کی افواج کو اس علاقہ کے آخری روسی گاؤں سے بھی نکال دیا گیا تھا، جس پر ان کا قبضہ تھا۔ لیکن کیف حکومت نے اس دعوے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس کے فوجی اب بھی یوکرین کی سرحد سے متصل ایک اور روسی علاقہ بیلگورود میں مقابلہ کر رہے ہیں۔