روس کی نیوکلیئر معاہدہ میں رکاوٹ بننے کی دھمکی

   

ماسکو : یوکرین پر حملے کے بعد روس پر لگائی گئی سخت پابندیوں کے پیش نظر تجارتی اور کاروباری مفادات کے تحفظ کی کوشش میں روس نے ایران کے مجوزہ نیوکلیئر معاہدے کی حمایت کرنے سے پہلے امریکہ سے ضمانتیں مانگ لیں۔خبررساں ایجنسیوں کی شائع رپورٹ کے مطابق روس کی جانب سے ضمانتوں سے متعلق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے بیان نے تہران کے 2015 کے نیوکلیئر معاہدے کے جلد از جلد بحالی کے امکانات کم کردیے ہیں۔روس کے اس اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک ایرانی عہدیدار نے کہا کہ روسیوں نے یہ مطالبہ 2 روز پہلے ویانا مذاکرات میں رکھا، یہ واضح ہے کہ ویانا مذاکرات میں اپنی پوزیشن تبدیل کر کے روس دیگر معاملات میں اپنے مفادات کو محفوظ بنانا چاہتا ہے، یہ اقدام ویانا نیوکلیئر مذاکرات کے لیے معاون نہیں ہے۔دریں اثنا ایران اور بین الاقوامی نیوکلیئر توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے تہران میں بات چیت کے بعد کہا کہ انہوں نے معاہدے کو بحال کرنے کی کوششوں کے لیے اہم مسائل کو حل کرنے کی حکمت عملی پر اتفاق کیا۔