ماسکو : کریملن کے ترجمان دیمیتری پیسکوف نے کہا ہے کہ ماسکو چین کی ارضی سالمیت اور خودمختاری کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ چین نے حال ہی میں براہ راست امریکہ کو خبردار کیا تھا کہ اگر امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی تائیوان کا دورہ کرتی ہیں تو واشنگٹن کو اس کے نتائج بھگتنے ہوں گے۔اس کے بعد چینی صدر ژی جن پنگ نے اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے انہیں دھمکی دی کہ واشنگٹن آگ سے کھیلنا بند کرے اور تائیوان کو لے کر چین کی تقسیم کی سازش نہ کرے۔اس تناظر میں اب کریملن کے ترجمان نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کو چین کی سالمیت اور اقتدار اعلی پر سوال اٹھانے یا اشتعال انگیز قدم اٹھانے کا حق نہیں ہے۔ چین کا خیال ہے کہ اگر کوئی تائیوان کو اس سے الگ دیکھتا ہے تو یہ اس کی خودمختاری اور اور ارضی سالمیت کی خلاف ورزی ہے جس کے لیے وہ فوجی مداخلت کے لیے بھی تیار ہے۔