روس کی یوکرینی بندرگاہوں پر بمباری قابل مذمت : اقوام متحدہ

   

نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے روس کی جانب سے اودیسہ اور دیگر یوکرینی بندرگاہوں پر بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دویارچ نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ حملے روس اور اقوام متحدہ کے درمیان اس مطابقت کی خلاف ہے جس میں روس کی طرف سے خوراک، خوردنی تیل اور کھادوں کی یوکرینی بندرگاہوں سے برآمد کو آسان بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔دوریارچ نے کہا کہ سیکریٹری جنرل نے اودیسہ اور دیگر یوکرینی بندرگاہوں پر روس کے حملوں کی مذمت کی ہے ،یہ حملے سول بنیادی ڈھانچوں کو نقصان پہنچانے سمیت عالمی حقوق انسانی کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ روس کی طرف سے اناج راہداری معاہدہ سے دستبرداری اناج اور مکئی کی قیمتوں میں اضافہ کا باعث بن رہی ہے بالخصوص جنوبی علاقوں کے ترقی پذیر ممالک میں عوام اس فیصلے سے متاثر ہو رہے ہیں، سیکریٹری جنرل عالمی فاقہ کشی اور خوراک کی مستحکم قیمتوں کے لے کوششیں صرف کر رہے ہیں۔