ماسکو ،12 جنوری (اسپوتنک) ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے روس میں ملک کے سابق سفیر مہدی سینائی کو اپنا سینئر مشیر مقرر کیا ہے ۔ مہر نیوز ایجنسی نے وزارت خارجہ کے حوالہ سے اتوارکو یہ اطلاع دی۔ مسٹر سینائی سال 2013 سے 2019 تک روس میں ایران کے سفیر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔ وہ اس سے پہلے 2008 سے 2013 تک ملک کے ایم پی تھے ۔ فی الحال مسٹر کاظم جلالی روس میں ایران کے سفیر ہیں۔قابل ذکر ہے کہ حال میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے ، اس کے پیش نظر ایران ہر تقرری بہت سوچ سمجھ کر رہا ہے ۔ تین جنوری کو امریکہ نے ڈرون حملہ کرکے ایران کے القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو قتل کر دیا تھا جس کے رد عمل میں ایران نے بدھ کو عراق میں واقع دو امریکی فوجی اڈوں پر کم از کم 15 میزائل داغے ۔تاہم امریکہ نے کہا ہے کہ ایران کے اس قدم سے کوئی بھی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا ہے لیکن ایران کا دعوی ہے کہ اس کے حملے سے کم از کم 80 امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے اس حملے کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک وہ صدر ہیں ایران جوہری ہتھیار نہیں بنا سکتا۔ مسٹر ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ ایران کے خلاف مزید اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں گی تاکہ وہ اپنے رویے میں تبدیلی لا سکے ، ہفتہ کو ایران پر کئی نئی پابندی لگا دی گئی۔