روس کے یوکرین سے مذاکرات معطل ، فوجی مشقیں شروع کرنے کا اعلان

   

ماسکو، 12 ستمبر (یو این آئی) روس نے یوکرین کے ساتھ امن مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کردیا۔ ترجمان کریملن کے مطابق یورپی ممالک امن مذاکرات میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں روس بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن یورپی ممالک رکاوٹ ہیں، رابطے مذاکرات کیلئے چینلز موجود ہیں لیکن فی الحال وقفہ ہے ۔ روس اور بیلاروس نے بڑی فوجی مشقیں بھی شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ روس اور بیلاروس کی فوجی مشقوں نے نیٹو کے مشرقی حصے میں ہنگامی صورتحال پیدا کر دی ہے ۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ مشقوں کا مقصد کمانڈرز کی مہارت اور فوجی تعاون بڑھانا ہے پولینڈ کی سرحد کے قریب مشقیں کسی ملک کے خلاف نہیں ہیں۔ غیر ملکی ایجنسی کے مطابق پولینڈ نے بیلاروس کے ساتھ سرحدی راستے بند کر دیئے ہیں۔ گزشتہ روز پولینڈ کی فضائیہ نے متعدد ڈرونز مار گرائے جنہیں روسی ڈرونز قرار دیا گیا تھا۔ وارسا حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ پہلا موقع ہے نیٹو کے رکن ملک کی فضائی حدود میں روسی ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔ دوسری جانب روس نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ڈرونز یوکرین سے آئے تھے ۔ چیک ریپبلک نے پولینڈ کو ڈرون حملوں کے خطرے سے نمٹنے میں مدد دینے کیلئے خصوصی ہیلی کاپٹر بھیجنے کا اعلان کر دیا۔

پولینڈ میں روسی دراندازی، فرانس کا روسی سفیر کی طلبی کا اعلان
پیرس، 12 ستمبر (یو این آئی) پولینڈ کی فضائی حدود میں روسی دراندازی پر فرانس نے روسی سفیر کو طلب کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ فرانسیسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ روسی ڈرونز کی پولینڈ کی فضائی حدود میں دراندازی نیٹو اتحادیوں کو خوفزدہ کرنے اور آزمانے کی ایک حکمت عملی تھی۔ انھوں نے کہا کہ چاہے یہ حادثہ ہو یا نہ ہو، یہ ناقابلِ قبول ہے ۔ ادھر ہنگری کے وزیراعظم نے بھی روسی ڈرونز کی پولش سرزمین میں دراندازی کو ناقابلِ قبول قرار دیا ۔