سڈنی 31 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے سب سے برے شہر سڈنی میں اب تک کی سب سے بڑی آتشبازی کے مظاہرہ کے ذریعہ سال نو کا استقبال کیا گیا ۔ نئے سال کا خیر مقدم سب سے پہلے سڈنی میں ہوا اس کے بعد دنیا بھر میں یہ تقاریب پورے جوشو خروش کے ساتھ شروع ہوگئیں۔ سڈنی میں حسب روایت سال نو کا انتہائی پرجوش انداز میں اور اب تک کی سب سے بڑی آتشبازی کے ساتھ استقبال کیا گیا ۔ اس آتشبازی کے نتیجہ میںشہر سڈنی کا آسمان 12 منٹ تک روشنیوں سے منور رہا اور تقریبا 15 لاکھ لوگوں نے اس کا مشاہوہ کیا جو ہاربر فرنٹ اور اطراف کے پارکس میں جمع ہوئے تھے ۔ سڈنی میں شروعات کے بعد ایشیا ‘ یوروپ ‘ افریقہ اور امریکہ کے بیشتر بڑے شہروں وغیرہ میں نصف شب کے ساتھ ہی سال نو کی تقاریب کا آغاز ہوا ۔ ان تقاریب میں عوام کی کثیر تعداد کی شرکت کو دیکھتے ہوئے بھاری پولیس بندوبست بھی کیا گیا ہے ۔ ہانگ کانگ میں بھی زبردست آتشبازی کے ذریعہ سال نو کا استقبال کیا گیا ۔ جکارتہ میں سینکڑوں جوڑوں نے مفت اجتماعی شادیوں سے استفادہ کرتے ہوئے شادی کے بندھن میں بندھ گئے ۔ کچھ مقامات پر دعائیہ اجتماعات بھی اس موقع پر منعقد کئے گئے ۔