لاہور: پاکستان شوبز انڈسٹری کی ماڈل اور حال ہی میں ڈرامہ’اقتدار‘ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی اداکارہ روما مائیکل کا کہنا ہے کہ شاہ رُخ خان کے ساتھ کام کرنا شاندار تجربہ ہوگا۔ ایک پوڈکاسٹ میں روما نے بتایا کہ انہوں نے مس گرانڈ انٹرنیشنل میں شرکت اس لیے کی کیونکہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ میں کام کرنا چاہتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں دنیا بھر سے کام کی کئی پیشکش موصول ہو رہی ہیں۔ روما نے کہا کہ وہ بھارتی پروجیکٹس میں بھی کام کرنے کی خواہشمند ہیں بشرط یہ کہ حالات سازگار ہوں۔ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے سوال پر روما نے دلچسپ جواب دیا۔ روما نے کہا کہ شاہ رخ کے ساتھ کام کرنا شاندار ہوگا لیکن وہ ان کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آنے کا امکان نہیں دیکھتیں کیونکہ شاہ رخ خان کی عمر زیادہ ہے۔ 29 سالہ روما کے مطابق وہ اپنے ہم عمر اداکاروں کے ساتھ کام کو ترجیح دیتی ہیں۔ مس ویٹ کے ذریعے انڈسٹری میں آنے والی ماڈل روما مائیکل حال ہی میں مس گرینڈ انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے بعد شدید تنقید کا شکار ہوئی تھی جہاں انہیں اس غیر ملکی مقابلے کے ایک راؤنڈ میں بکنی پہننے پر ٹرول کیا گیا تھا۔