روم۔7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دولت کی دوڑ میں رونالڈو نے میسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گزشتہ دہے کے دوران سب سے زیادہ پیسے کمانے والے فٹبالر کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پرتگال سے تعلق رکھنے والے فٹبالرکرسٹیانو رونالڈوکی 2010 سے 2019 تک کی کمائی 124 ارب روپے رہی جبکہ ارجنٹینا کے لیونل میسی 116 ارب روپے کماسکے۔مذکورہ اعداد و شمار امریکی جریدے فوربس پر شائع ہوئے جس سے ظاہر ہے کہ فٹبال کی میدانوں میں ان دونوں چمپئنز نے ہی حکمرانی کی۔ یووینٹس کی نمائندگی کرنے والے رونالڈو اور بارسلونا کے فارورڈ لیونل میسی کی کہانی پوری دہے کے دوران ایک جیسی ہی رہی لیکن حیرت انگیزطور پر دہے کے دوران سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے کھلاڑی امریکی باکسر فلائیڈ مے ویدر ہیں جن نے کی کمائی 143 ارب روپے ہے۔ اس فہرست میں برازیل سے تعلق رکھنے والے ایک اورفٹبالر نیمربھی شامل ہیں، جو اس دہے کے دوران 62 ارب روپے کمانے میں کامیاب ہوئے تھے۔
