میڈریڈ۔14 جون(سیاست ڈاٹ کام) اطالوی کوپا اٹالیا کپ کے سیمی فائنل میں یوونٹس اور اے سی میلان کا میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔ رونالڈو نے یوونٹس کی جانب پنالٹی ضائع کردی۔ میچ برابر ہونے کے باوجود اوے گول کی بنیاد پر یوونٹس کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی۔13 مرتبہ کی چمپیئن ٹیم یوونٹس اور اے سی میلان کا فرسٹ لیگ سیمی فائنل 1-1 گول سے برابر رہا تھا۔ میچ کے 16 ویں منٹ میں ریبچ کے ہینڈل بال کی وجہ سے انہیں ریڈ کارڈ دکھایا گیا اور ریفری نے یوونٹس کے حق میں پنلٹی دی لیکن رونالڈو اس پر گول کرنے میں ناکام ہوگئے۔اس کے بعد بھی پورے میچ میں کوئی ٹیم گول نہ بناسکی اور مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا لیکن یوونٹس کی ٹیم اوے گول کی بنیاد پر ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی۔فائنل میں یوونٹس کا مقابلہ انٹر میلان اور نیپولی کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
