رونالڈوکی موجودگی کے باوجود جوونٹس کو حیران کن شکست

   

میڈرڈ۔22 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) اطالوی کلب جوونٹس رونالڈو کی موجودگی کے باوجود چمپیئنز لیگ کے اہم میچ میں ہسپانوی کلب ایٹلیٹکو میڈرڈ سے شکست کھا گیا اورکوارٹر فائنل تک رسائی خطرے میں پڑ گئی جبکہ انگلش کلب مانچسٹر سٹی آخری لمحات میں کئے جانے والے گول کی بدولت میچ برا بر ہونے اور صرف ایک نشان تک محدود رہنے سے بچ گیا۔ ایٹلیٹکو میڈرڈ نے جوونٹس کو0-2 جبکہ مانچسٹر سٹی نے جرمن کلب شالکے زیرو فورکو 2-3 سے شکست دی۔ جوونٹس اور ایٹلیٹکو میڈرڈ کا میچ ہسپانوی کلب کے ہوم گراونڈ پر کھیلا گیا جس میں میزبان کلب نے جز جیمینیز اورکپتان ڈیگو گوڈن کے گولز کی مدد سے فتح حاصل کی جبکہ جوونٹس کوئی گول نہیں کر سکی۔گزشتہ سیزن میں رئیل میڈرڈ کو چھوڑکر اٹلی چلے جانے والے کرسٹیانو رونالڈو اس منتقلی کے بعد پہلی مرتبہ میڈرڈ واپس آئے تھے لیکن جس امید پر اطالوی کلب نے انہیں حاصل کیا وہ پوری ہوتی نظر نہیں آتی۔ عام تاثر یہی ہے کہ جوونٹس رونالڈوکی مدد سے چمپیئنز لیگ خطاب جیتنے کا خواہاں ہے جو رئیل میڈرڈکو4 جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈکو ایک خطاب دلا چکے ہیں۔اب کوارٹر فائنل تک رسائی کیلئے اطالوی کلب کو دوسرے مرحلے کے میچ میں ہسپانوی کلب کو کم از کم 0-3 سے شکست دینا ہوگا۔ دوسری جانب انگلش کلب مانچسٹر سٹی میچ کے آخری منٹ میں رحیم اسٹرلنگ کے گول کی وجہ سے شالکے زیور فور ہرانے میں کامیاب ہو گیا۔ اس سے پہلے آخری منٹ تک میچ2-2گول سے برابر تھا۔ جرمن کلب کیلئے دونوں گول نبیل بن طالب نے کئے، مانچسٹر سٹی کی جانب سے سرگیو ایگیورو اور لیورائے سانے میچ برابر کرنے میں کامیاب ہوئے۔