رونالڈو فٹبال سے زیادہ انسٹاگرام سے کمانے لگے

   

لزبن ۔31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سوشل میڈیا پر فٹبال سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ پرتگال کے معروف فٹبالر رونالڈو انسٹاگرام پر مارکیٹنگ کی پوسٹ کر کے فٹبال سے زیادہ کما رہے ہیں اور انہوں نے گزشتہ سال سے اب تک کروڑوں ڈالر زیادہ معاوضہ وصول کیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق رونالڈو نے گزشتہ برس فٹبال کھیل کر 3 کروڑ چالیس لاکھ ڈالر معاوضہ وصول کیا جبکہ وہ انسٹاگرام سے سالانہ 4 کروڑ 78 لاکھ ڈالر وصول کررہے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رونالڈو اسپانسرڈ پوسٹ کے ذریعے ایک کروڑ ڈالر سے زائد کمالیتے ہیں اور وہ اب تک سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ کمانے والوں کی فہرست میں رونالڈو کے بعد ارجنٹینا کے فٹبالر لیونل میسی ہیں جو سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے 2کروڑ 33 لاکھ ڈالر سالانہ کمائی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ انسٹاگرام پر رونالڈو کے 187 ملین مداح ہیں، یہ سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ فالووز رکھنے والے کھلاڑی ہیں۔