معاہدہ کے بعد رونالڈو کی دولت اور سعودی فٹبال کلب کے فالوورز میں اضافہ
ریاض : پرتگال کے 37 سالہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کے فٹبال کلب النصر سے معاہدہ کرلیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے گزشتہ ماہ مانچسٹر یونائیٹڈ کو خیرباد کہنے کے بعد سعودی کلب سے ڈھائی سال کا معاہدہ کیا ہے۔ النصر فٹبال کلب رونالڈو کو ہر سال ساڑھے 7 کروڑ ڈالر ادا کرے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر النصر فٹبال کلب نے کرسٹیانو رونالڈو کو اپنے کلب میں پرجوش انداز میں خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں کلب کی جرسی دینے کی تصاویر شیئر کیں۔النصر فٹبال کلب نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک ایسا معاہدہ ہے جو انہیں نہ صرف مزید کامیابی حاصل کرنے کی ترغیب دے گا بلکہ ہماری لیگ، ہماری قوم اور آنے والی نسلوں کو خود کو بہترین کھلاڑی بننے کی ترغیب دے گا۔سعودی فٹبال کلب نے اسٹار فٹبالر رونالڈو کے حوالے سے کہا کہ میں ایک مختلف ملک میں ایک نئی فٹبال لیگ کا تجربہ کرنے کیلئے بے چین ہوں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق النصر فٹبال کلب کی جانب سے اس اعلان کے کچھ ہی دیر بعد اس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد بڑھ کر دگنی ہوگئی۔رپورٹس کے مطابق النصر فٹبال کلب کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 8 لاکھ 60 ہزار تھی جو کہ کرسٹیانو رونالڈو کے آنے کے بعد 16 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔دوسری جانب سعودی فٹبال کلب نے کرسٹیانو رونالڈو کو جو جرسی دی اس کی تصاویر سامنے آنے کے بعد مداحوں کی بڑی تعداد نے بھی یہی جرسی خریدنا شروع کردیں ہیں۔واضح رہے کہ آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر النصر فٹبال کلب نے کرسٹیانو رونالڈو کو اپنے کلب میں پرجوش انداز میں خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں کلب کی جرسی دینے کی تصاویر شیئر کی تھیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کرسٹیانو رونالڈو نے انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ سے اپنی راہیں جدا کرلی تھیں۔