رونالڈو کا ایک اور یادگار گول

   

۔21 ڈسمبر( سیاست ڈاٹ کام ) پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور شاہکار گول اسکور کرکے حریف ٹیم کو حیران کردیا۔ سیری اے فٹبال لیگ کے ایک میچ میں یووینٹس کلب کی طرف سے کھیلتے ہوئے پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے ڈیڑھ سیکنڈ تک ہوا میں معلق رہتے ہوئے حریف سیمپڈوریا کے خلاف ہیڈر پر غیرمعمولی گول اسکور کیا۔ میچ میں رونالڈو کی ٹیم نے حریف ٹیم کو 2-1 گول سے شکست دی۔ رونالڈو کے مداحوں نے اس گول کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا ہے، وہیں یووینٹس نے گول کرتے ہوئے گرین کروما بیگ گراونڈ کے ساتھ رونالڈو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو تخلیقی صلاحیت کے اظہار کی دعوت دے دی۔ رونالڈو کے اس گول پر حریف ٹیم سیمپڈوریا کے ہیڈ کوچ کلاوڈیو رانیری بھی حیرت زدہ رہ گئے اور کہا کہ رونالڈو نے کچھ ایسا کیا ہے جو آپ این بی اے (نیشنل باسکٹ بال اسوسی ایشن) کے کھیل میں دیکھتے ہیں، وہ ڈیڑھ سکینڈ تک ہوا میں معلق رہا جو غیر معمولی صلاحیت ہے۔