رونالڈو کو ایران میں خصوصی سم دینے پر غور

   

تہران ۔ اسٹار فٹبالرکرسٹیانو رونالڈو اور دیگر فٹبالرز کو ایران آنے پر مخصوص سِم کارڈ دیے جانے کے بارے میں غور کیا جارہا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق یہ خصوصی سِم کارڈ ایران آنے والے غیرملکی فٹبالرزکو بغیر کسی پابندی کے انٹرنیٹ تک رسائی کی اجازت دے گی۔ میڈیا کے مطابق سعودی فٹبال کلب النصر اگلے ہفتے ایران کے دارالحکومت تہران میں ایرانی فٹبال کلب کے ساتھ اے ایف سی چمنئنز لیگ کا میچ کھیلنے آئے گا۔ ایرانی فٹبال کلب کے صدر رضا درویش نے سرکاری ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ہمیں بدنام کرنا چاہتے ہیں جو فٹبالرز سے کہتے ہیں کہ ایران نہ جائیں کیونکہ وہاں ان کے پاس انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہوگی۔ دوسری جانب اس معاملے پرکچھ ایرانی شہریوں نے کہا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کو ایسی خدمات پیش کرنا اپنے لوگوں کی توہین اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک ہوگا کیونکہ مقامی شہری مکمل انٹرنیٹ پر رسائی حاصل نہیں کر سکتے۔ ایران میں انٹرنیٹ پر بہت زیادہ پابندیاں عائد ہیں۔ یہاں ہزاروں ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمزکو بلاک کردیا گیا ہے۔