رونالڈو کو سعودی عرب کا گولڈن بوٹ ایوارڈ

   

ریاض،15 ستمبر(یو این آئی ) کرسٹیانو رونالڈو کو زیادہ گول کرنے پر گولڈن بوٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ عالمی شہرت یافتہ فٹبالر رونالڈو کو سیزن 2024-25 کیلئے سعودی پروفیشنل لیگ کی جانب سے گولڈن بوٹ ایوارڈ عطا کیا گیا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارہ کی رپورٹ کے مطابق رونالڈو کو یہ اعزاز گزشتہ سیزن سب سے زیادہ گول کرنے پر دیا گیا ہے۔ سعودی قومی ٹیم اور النصر کلب کے سابق کپتان ماجد عبداللہ نے اسٹار فٹبالر رونالڈو کو اعزاز پیش کیا۔ یہ اعزاز ریاض کے الاول پارک اسٹیڈیم میں النصر اور اس کے مہمان الخلود کے درمیان میچ کے آغاز سے قبل دیا گیا۔ اس سے قبل النصر کی جانب سے سعودی سوپرکپ کے فائنل میچ میں کرسٹیانو رونالڈو نے الاہلی کے خلاف گول کیا، وہ اپنی ٹیم کو تو نہ جتواسکے لیکن انہوں نے ایک ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ رونالڈو کا یہ النصرکلب کیلئے 100واں گول تھا۔ اس طرح رونالڈو نے چار کلبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے 100 یا زائد گول کرنے والے پہلے فٹبالر کا اعزاز حاصل کیا۔ رونالڈو نے ریئل میڈرڈ کیلئے 450، مانچسٹر یونائیٹڈ کیلئے 145، یوونٹس کیلئے 101 اور النصر کیلئے 100گول کئے ہیں۔