روٹ نے ڈراویڈ اور کالیس کو پیچھے چھوڑا، پونٹنگ اور سچن کے ریکار ڈ کا تعاقب

   

مانچسٹر، 25 جولائی (ایجنسیز)۔ انگلینڈ کے تجربہ کار بیٹر جو روٹ نے ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں ہندوستان کے راہول ڈراویڈ اور جنوبی افریقہ کے جیاک کالیس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہندوستان کے خلاف جاری چوتھے ٹسٹ میں روٹ نے نہ صرف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا بلکہ کئی اہم سنگِ میل بھی عبور کیے۔ میچ سے قبل روٹ کے ٹسٹ رنز کی تعداد 13,259 تھی۔ کھیل کے دوران انہوں نے پہلے ڈراویڈکے 13,288 اور پھرکالیس کے 13,289 رنز کا ریکارڈ توڑکر خود کو تیسرے نمبر پر پہنچا دیا۔ اب ان سے آگے صرف رکی پونٹنگ (13,378) اور سچن تنڈولکر (15,921) ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ روٹ اولڈ ٹریفورڈ کے میدان پر 1000ٹسٹ رنز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ وہ انگلینڈ کے ان چند بیٹرس میں شامل ہو ئے ہیں جنہوں نے دو مختلف گراؤنڈز پر1000 سے زیادہ رنز بنائے ہوں۔ ان کے لارڈز پر پہلے ہی 2166 رنز ہیں۔ اس فہرست میں ایلسٹر کک اورگراہم گوچ بھی شامل ہیں۔ میچ سے قبل آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے پیش گوئی کی تھی کہ روٹ یہ سنگِ میل عبور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہااگر وہ اسی رفتار سے کھیلتے رہے تو آج ہی یہ سنگِ میل عبور کر سکتے ہیں۔ جو روٹ نے خود کو ایک ایسے کھلاڑی میں بدل دیا ہے جو نصف سنچری سے سنچری بنانا جانتا ہے۔ اب تو لگتا ہے جیسے وہ ہر بار نصف سنچری پر پہنچتے ہی سنچری بنا دیں گے۔ روٹ کی اس کارکردگی کو دنیائے کرکٹ میں بھرپور سراہا جا رہا ہے اور یہ واضح ہے کہ وہ جلد ہی رکی پونٹنگ کا ریکارڈ بھی توڑ سکتے ہیں۔پونٹنگ نے مزید کہا کہ 37 سنچریاں اور تیرہ ہزار سے زیادہ رنز یہ ایک غیر معمولی کارنامہ ہے اور جس طرح روٹ کا فام جاری ہے اور وہ یہ سلسلہ کچھ اور سال برقرار رکھتے ہیں تو ریکارڈ بک میں نئے اعداد وشمار ضرور درج ہوں گے ۔یادرہے کہ سچن نے 200 ٹسٹ مقابلوں میں 15921 رنز اسکور کئے ہیں جبکہ رو ٹ اس وقت اپنا 158 واں ٹسٹ کھیل رہے ہیں ۔