لندن ۔ انگلینڈ نے ٹسٹ سیریزکے پہلے میچ میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دی ہے۔ انگلینڈ کی اس جیت میں جو روٹ کا اہم کردار رہا۔ سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں عمدہ بیٹنگ اوربولنگ سے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا تھا لیکن روٹ نے اپنی 62 رنزکی نصف سنچری سے انگلینڈ کے لیے میچ کو آسان کردیا۔ اس نصف سنچری کے ساتھ انہوں نے کچھ بڑے کارنامے بھی انجام دیے۔ جہاں روٹ نے ٹسٹ میں نصف سنچریاں بنانے کے معاملے میں راہول ڈراویڈ اور ایلن بارڈرکو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ سچن کے ریکارڈ کے قریب آگئے۔ اس اننگز نے انہیں عظیم بیٹرس کی فہرست میں شامل کردیا ہے۔ جو روٹ نے سری لنکا کے خلاف دوسری اننگز میں کیریئرکی64 ویں نصف سنچری بنائی۔ اس کے ساتھ وہ ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کے معاملے میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے راہول ڈراویڈ اور ایلن بارڈرکو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان دونوں بیٹرس نے ٹسٹ میں فی کس63 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔ اب روٹ سے آگے صرف ویسٹ انڈیزکے شیو نارائن چندرپال اور ہندوستان کے سچن تنڈولکر رہ گئے ہیں۔ دو نصف سنچریوں کے ساتھ وہ چندر پال کے برابر ہو جائیں گے۔ مزید 4 نصف سنچریاں بنا کر وہ سچن کی برابری کر سکیں گے۔ یعنی جلد ہی جو روٹ سچن کا یہ ریکارڈ توڑ دیں گے جنہیں کرکٹ کا دیوتاکہا جاتا ہے۔ سری لنکا نے میچ کی تیسری اننگز میں شاندار اننگزکھیلی اور205 رنزکا ہدف دیا۔ چوتھی اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے روٹ نے62 رنز بنائے تھے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک اور بڑا کارنامہ انجام دیا۔ اب وہ ٹسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے چوتھے بیٹربن گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے سچن کا یہ ریکارڈ خطرے میں پڑگیا ہے۔ چوتھی اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے انہوں نے 1622 رنز بنائے تھے جبکہ روٹ نے 1589 رنز بنائے ہیں۔ روٹ 34 رنز بناتے ہی یہ ریکارڈ توڑ دیں گے۔ 23 رنز بنانے پر وہ ایلسٹر کک اور گرائم اسمتھ کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔33 سالہ جو روٹ آہستہ آہستہ سچن کے ایک اور ریکارڈ کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ روٹ نے143 ٹسٹ میچوں کی261 اننگز میں50.11 کی اوسط سے 12 ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ اس میں 32 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ اب وہ سچن کے ریکارڈ سے تقریباً 4 ہزار رن دور ہیں۔ جس انداز سے روٹ کھیل رہے ہیں اس سے وہ ٹسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا سچن کا ریکارڈ بھی توڑ سکتے ہیں لیکن اس کے لئے روٹ کو اپنی فام اور فٹنس دونوں برقرار رکھنی ہوگی ۔