روٹ کی لارڈز میں سنچری سے پہلے مقام پر واپسی

   

دبئی، 16 جولائی (آئی اے این ایس): انگلینڈ کے اسٹار بیٹر جو روٹ نے لارڈز ٹسٹ میں اپنی 37ویں سنچری کی بدولت آئی سی سی مینز ٹسٹ بیٹنگ رینکنگ میں دوبارہ پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔ اس سنچری کی بدولت انگلینڈ نے سنسنی خیز انداز میں 22 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔ روٹ کے اس وقت 888 پوائنٹس ہیں اور انہوں نے ایک ہفتہ قبل ہی یہ مقام اپنے ہی ہم وطن ہیری بروک سے کھو دیا تھا، جو اب 862 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ روٹ کی لارڈز ٹسٹ میں 104 اور 40 رنز کی اننگز اور انگلینڈ کی 2-1 سیریز برتری میں ان کے کلیدی کردار نے انہیں آٹھویں بار دنیا کے نمبر ون ٹسٹ بیٹر بنادیا ہے۔ 34 سالہ جو روٹ 2014 کے بعد سے آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آنے والے سب سے عمر رسیدہ بیٹر ہیں۔ اس سے پہلے دسمبر 2014 میں سری لنکن عظیم سابق بیٹر کمار سنگاکارا 37 سال کی عمر میں سرفہرست تھے۔ ہیری بروک کے تیسرے نمبر پر جانے کے بعد نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ (816 پوائنٹس) نے ہندوستان کے یشسوی جیسوال کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چوتھا مقام حاصل کرلیا ہے۔ اسمتھ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جمیکا ٹسٹ میں 48 رنز بنائے اور آسٹریلیا نے سیریز 3-0 سے جیتی۔ اس میچ میں کیمرون گرین نے 46 اور 42 رنز کی اننگز کھیل کر 16 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 29ویں مقام پر جگہ بنا لی ہے ۔لارڈز میں 72 اور 61 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلنے والے ہندوستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ پانچ مقامات کی بہتری کے ساتھ 34ویں نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ اوپنر کے ایل راہول ایک مقام کے فائدے کے بعد 35ویں نمبر پر پہنچے ہیں، جنہوں نے 100 اور 39 رنز اسکور کیے۔ ہندوستانی کپتان شبمن گل 16 اور 6 رنز کی ناکام اننگز کے بعد تین مقامات کی تنزلی کے ساتھ نویں نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے 77 رنز اور پانچ وکٹوں کے آل راؤنڈ مظاہرے کے بعد بیٹرس میں دو درجے ترقی پاکر 42ویں اور بولروں میں ایک درجہ بہتری کے ساتھ 45ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ جسپریت بمرا نے لارڈز میں سات وکٹیں لے کر کاگیسو ربادا پر اپنی 50 پوائنٹس کی سبقت برقرار رکھی ہے۔ وہیں واشنگٹن سندر نے 4-22 کی بولنگ سے بولنگ میں 46ویں نمبر پر آگئے۔