روٹ کی 31 ویں سنچری نے انگلینڈ کی عزت بچالی

   

رانچی۔ رانچی ٹسٹ میچ کا پہلا دن نشیب وفراز سے بھرا رہا جیسا کہ ہندوستان نے ابتدائی سیشن میں انگلینڈ کی پانچ وکٹیں حاصل کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو بحرانی صورت حال میں پہنچا دیا تھا لیکن اس کے بعد دن کا اختتام انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے نام رہا جس کی بڑی وجہ جو روٹ کی شاندار سنچری رہی۔ ہندوستانی ٹیم اس سیریز میں اب تک 2-1 سے آگے ہے، اب اس کی نظریں سیریز جیتنے پر ہوں گی۔ ٹیم نے اس میچ میں شاندار آغازکیا، جب اس نے صرف 112 کے اسکور پر انگلینڈ کے پانچ وکٹ حاصل کرلی تھی لیکن بعد میں انگلینڈ نے زبردست واپسی کی اور دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ کا اسکور 302/7 رہا ۔سیریز میں 2-1 کی برتری کے ساتھ آئی ہندوستانی ٹیم نے اس میچ میں بھی زبردست شروعات کی اور پہلے سیشن میں ہی انگلینڈ کے 5 وکٹ لے لیے۔ ہندوستانی ٹیم انڈیا کے لیے ڈیبیو کر نے والے فاسٹ بولر آکاش دیپ نے پہلے 3 وکٹ لے کر انگلینڈ کی کمر توڑ دی۔ تاہم دوسرے سیشن میں تجربہ کار بیٹر جو روٹ نے انگلینڈ کی جانب سے زبردست واپسی کی اور بین فاکس کے ساتھ مل کر ٹیم کی کمان سنبھالی۔ دونوں کے درمیان سنچری کی شراکت ہوئی جس میں روٹ نے اس سیریز کی پہلی سنچری بنائی اور ہندوستان کے خلاف 10 ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے آسٹریلیائی بیٹر اسٹیو اسمتھ کے ساتھ مشترکہ 9 سنچریوں کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا ۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر جو روٹ 106 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اولی رابنسن نے قیمتی31 رنز بناکر ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔ رابنسن اور روٹ کے درمیان آٹھویں57 رنز کی ایک اہم پارٹنر شپ بن گئی ہے ۔ ہندوستان کیلئے پہلا ٹسٹ کھیلنے والے آکاش دیپ دن کے کامیاب بولر ثابت ہوئے انہوں نے 70 رنز کے عوض تین وکٹس لئے جبکہ محمد سراج نے دووکٹ لے ۔