روٹ کے شاندار 180* ، انگلینڈ 391، سراج کو 4 وکٹ

   

میزبان کپتان نے سیریز میں لگاتار دوسری سنچری بنائی ۔ لارڈس ٹسٹ میں انگلش ٹیم کو پہلی اننگز میں 27 رنز کی برتری
لندن : انگلینڈ نے انڈیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں آج اپنی جوابی اننگز میں تیسرے دن کے آخری لمحات میں 391 آل آؤٹ کے ساتھ 27 رنز کی سبقت حاصل کی جسے جوو روٹ کے شاندار 180 ناٹ آؤٹ کے سبب ممکن بنایا جاسکا۔ لارڈس میں جاری ٹسٹ میں میزبانوں کی طرف سے کپتان روٹ نے پانچ میچ کی سیریز میں لگاتار دوسری سنچری بنائی ہے۔ اُن کا ساتھ دیتے ہوئے معین علی نے 27 رنز بنائے۔ تاہم معین کے ساتھ ہی انگلینڈ کے آخری 5 وکٹ صرف 50 رنز کے اضافے پر گرگئے۔ محمد سراج نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں لئے ۔ ایشانت شرما کو 3 اور محمد سمیع کو 2 وکٹ ملے ۔ مارک ووڈ رن آؤٹ ہوئے۔ پہلے ٹسٹ میں کامیاب جسپریت بومرا کو یہاں کوئی وکٹ نہیں ملی۔ بومرا نے 26 اوورس میں 6 میڈن کے ساتھ 79 رنز دیئے۔ انگلینڈ آل آؤٹ ہونے پر 6 اوورس کا کھیل باقی تھا مگر امپائروں نے دن کے کھیل کا اختتام کردیا۔ اتوار کو میچ کے چوتھے روز پہلی گیند کے ساتھ ویراٹ کوہلی زیرقیادت ٹیم کو اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنا ہے۔ مہمانوں کا پہلا نشانہ 27 رنز کے خسارہ کو ختم کرنا ہوگا ۔ صبح میں انگلینڈ نے جوابی اننگز کو 119/3 سے آگے بڑھایا جس میں روٹ 48 اور جانی بیرسٹو 6 پر ناٹ آؤٹ تھے۔ سراج نے دن کی پہلی وکٹ میں بیرسٹو کو 57 پر پویلین لوٹ آئے۔ اس کے بعد جوس بٹلر نے 23 رنز بنائے۔ ان کو ایشانت نے بولڈ کردیا ۔ اس درمیان روٹ رنز بناتے رہے ۔ انھوں نے 533 منٹ میں 321 گیندوں کا سامنا کیا اور 18 چوکے لگائے۔ پہلا ٹسٹ ٹرنٹ برج میں بارش کے سبب ڈرا ہوا تھا جبکہ انڈیا کو بہتر پوزیشن حاصل ہوچکی تھی ۔