دبئی ۔27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ٹسٹ کرکٹ کی نئی درجہ بندی میں انگلش کپتان جو روٹ کو بڑا نقصان ہوا ہے اور 5 سال میں پہلی مرتبہ وہ ٹاپ 10 سے باہر ہوگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کی دونوں اننگز میں 2 اور11 رنزبناکر آئوٹ ہونے والے روٹ 11 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ آخری مرتبہ وہ 2014 میں ٹاپ 10 سے باہر تھے۔ ان کی جگہ ہندوستان کے اوپنر مینک اگروال 10ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔ نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر بولرز کی فہرست میں تیسرے مقام پر آگئے ہیں ۔ انہوں نے 8 وکٹیں لی تھیں ۔ انگلینڈ کے خلاف ڈبل سنچری بنانے والے بی جے واٹلنگ 12 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں ۔