ممبئی: امریکی فیڈرل ریزرو کے اگلے سال شرح سود میں کٹوتی کی اپنی پیشن گوئی واپس لینے سے آج انٹربینک کرنسی مارکیٹ میں روپیہ 18 پیسے گر کر پہلی بار85.13 روپے فی ڈالر پر آگیا۔ پچھلے کاروباری دن روپیہ 84.95 روپے فی ڈالر پر تھا۔روپیہ ابتدائی تجارت میں 12 پیسے کم ہوکر 85.07 فی ڈالر پر کھلا اور سیشن کے دوران تیل کے درآمد کنندگان اور بینکرز کی جانب سے خریداری کے دباؤ میں 85.14 روپے فی ڈالر کی ریکارڈ کم ترین سطح پرآ گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ فروخت کے باعث یہ 85.03 روپے فی ڈالر کی بلند ترین سطح پر رہا۔ آخر میں یہ گزشتہ روز کے 84.95 روپے فی ڈالر کے مقابلے میں 18 پیسے کم ہوکر 85.13 روپے فی ڈالر پر آگیا۔تجزیہ کاروں کے مطابق فیڈرل ریزرو نے سال 2025 میں صرف دو سہ ماہی شرح سود میں کٹوتی کی امید ظاہر کی ہے جو سرمایہ کاروں کی تین یا چار کٹوتیوں کی توقعات سے کم ہے ۔ اس سے ایشیائی کرنسیوں پر دباؤ بڑھا ہے ۔