روڈی شیٹرس ایوب خاں اور اشفاق گرفتار

   

پرانے شہر میں مجرمین کے خلاف پولیس کی سخت کارروائی شروع

حیدرآباد ۔ 23 اکتوبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میں مجرمین اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی اور اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ ٹاسک فورس پولیس نے شہر کے موجودہ حالات اور جرائم پر قابو پانے کے لئے خطرناک مجرمین کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ ٹاسک فورس ساؤتھ زون نے دو علیحدہ کارروائیوں میں پرانے شہر کے بدنام زمانہ روڈی شیٹر ایوب خاں اور اشفاق کو گرفتار کرلیا۔ ایوب خاں شاہ علی بنڈہ اور اشفاق کالاپتھر پولیس اسٹیشن سے وابستہ روڈی شیٹر ہیں۔ اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس اندے سرینواس راؤ نے بتایا کہ جرائم پیشہ افراد اور روڈی و غنڈہ عناصر کے خلاف پولیس سخت اقدام کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایوب خاں ایک طویل مجرمانہ پس منظر رکھتا ہے۔ تقریباً 72 مجرمانہ واقعات میں ملوث ہے جن میں 14 قتل اور 14 اقدام قتل کے معاملات ہیں۔ ایوب خاں عرف ایوب پہلوان جبراً وصولی ، اراضیات پر ناجائز قبضہ، آرمس ایکٹ اور رابری کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ حیدرآباد، سائبر آباد کے علاوہ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ میں اس نے وارداتیں انجام دیں۔ ایوب کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ تھا اور وہ عدالت میں مسلسل غیر حاضر ہوتے ہوئے خلاف ورزی کررہا تھا۔ کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون پولیس نے کاماٹی پورہ پولیس کے ساتھ کی گئی مشترکہ کارروائی میں ایوب خاں کو گرفتار کرلیا اور عدالتی تحویل میں دے دیا۔ ٹاسک فورس ساؤتھ زون نے ایک اور کارروائی میں کالاپتھر پولیس اسٹیشن سے وابستہ بدنام زمانہ روڈی شیٹر اشفاق کو گرفتار کرلیا۔ 40 سالہ اشفاق کالاپتھر علاقہ کا ساکن ہے جو تقریباً 44 مقدمات میں ملوث ہے جن میں 2 قتل اور 6 اقدام قتل کے مقدمات ہیں۔ اشفاق گزشتہ سال پیش آئے اقدام قتل کے معاملہ میں پولیس کو مطلوب تھا جو اکثر اپنے ساتھ ہتھیار رکھتا تھا۔ ٹاسک فورس نے کالاپتھر پولیس کے ساتھ کارروائی میں اشفاق کو گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈی سی پی ٹاسک فورس نے کہا کہ شہر میں 24 گھنٹے مجرمین پر سخت نظر رکھی جائے گی اور کسی بھی قسم کی مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے روڈی شیٹر اور جرائم پیشہ افراد کو سخت نتائج کا انتباہ دیا۔ ع