روڈی شیٹر بختیار آغا قتل کیس ‘ 6 ملزمین گرفتار

   

مہلک ہتھیار برآمد کرلئے گئے ۔ڈی سی پی ساؤتھ زون
حیدرآباد : /14 اکٹوبر (سیاست نیوز) ٹاسک فورس اور بھوانی نگر پولیس کی کارروائی میں روڈی شیٹر سید بختیار آغا کے قتل میں ملوث 6 ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون پی سائی چیتنیہ نے پریس کانفرنس میںکہا کہ /4 اکٹوبر کو رین بازار پولیس اسٹیشن کے روڈی شیٹر سید بختیار آغا قریشی عرف محمد کا بھوانی نگر حدود میں بہیمانہ قتل کردیا گیا ۔ اس سلسلہ میں ٹاسک فورس اور پولیس بھوانی نگر نے مقدمہ درج کرکے خاطیوں کی تلاش شروع کردی تھی اور 6 خاطیوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے مہلک ہتھیار بھی برآمد کرلئے ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ مقتول آغا قریشی کئی وارداتوں میں ملوث تھا ۔ اس کیس کا کلیدی ملزم کے آنند اگروال ہے جو شاہ علی بنڈہ کا روڈی شیٹر ہے ۔ اگروال ایک مقتول روڈی شیٹر محمد پرویز عرف فرو جو جواہر نگر پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر تھا کا ساتھی ہے ۔ مقتول آغا قریشی نے فرو کے بھائی نواز کا 2014 ء میں قتل کردیا تھا اور 3 ماہ بعد ہی فرو نے خسرو کا قتل کردیا تھا ۔ فرو کے قتل کے دوران سید بختیار آغا قریشی دوبئی میں تھا جبکہ فرو کے حامیوں کو یقین تھا کہ قتل کیس کے پس پردہ آغا قریشی ہے ۔ اس سلسلہ میں آنند اگروال ، محمد عبدالانصار عرف قیوم با اور مرزا فیض علی بیگ عرف علی با ، سید یوسف ، اظہر اور محمد شعیب الرحمن نے آغا کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور /4 اکٹوبر کو آغا قریشی کا موٹر سائیکل پر تعاقب کرکے رات میں قتل کردیا تھا ۔ پولیس بھوانی نگر نے قتل کا مقدمہ درج کیا تھا اور گرفتار ملزمین کے قبضہ سے خنجر ، موٹر سائیکلیں اور موبائیل فون بھی برآمد کرلئے ۔ ع