ٹریفک قواعد کی پابندی ضروری، ہر سال 26 ہزار حادثات میں 8 ہزار اموات
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ ٹریفک قواعد پر عمل آوری کے ذریعہ ٹریفک حادثات کو روکا جاسکتا ہے ، لہذا طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو ٹریفک قواعد کی پابندی کا عہد کرنا چاہئے۔ پونم پربھاکر نے روڈ سیفٹی سے متعلق ایک ماہ طویل مہم کا آج خیریت آباد کے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ آفس میں منعقدہ تقریب میں افتتاح کیا۔ 31 جنوری تک ریاست بھر میں روڈ سیفٹی شعور بیداری مہم جاری رہے گی۔ پونم پربھا کر نے کہا کہ ریاست میں ہر سال 26 ہزار سڑک حادثات میں 8 ہزار افراد کی موت واقع ہورہی ہے ۔ روزانہ 22 افراد سڑک حادثات میں اپنی جان گنوارہے ہیں ۔ شعور بیداری مہم کے تحت پونم پربھاکر نے موٹر سیکل سواروں کو ہیلمٹ حوالے کئے اور مشورہ دیا کہ ہیلمٹ کا پابندی سے استعمال کریں۔ مہم کے لئے جاری کردہ پوسٹر ، اسٹیکر اور طلبہ اور نوجوانوں کے لئے تیار کئے گئے میٹریل کی ریاستی وزیر نے رسم اجراء انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ شعور بیداری کے تحت تیز رفتار ڈرائیونگ، ڈرنک اینڈ ڈرائیو ، رانگ سائیڈ ڈرائیونگ اور موبائیل فون کے دوران ڈرائیونگ استعمال کے بارے میں عوام کو باخبر کیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ عام طور پر ٹریفک حادثات کی اہم وجہ اوور اسپیڈ ، ڈرنک اینڈ ڈرائیو اور موبائیل کا استعمال ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعور بیداری کا مقصد عوامی جانوں کا تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے علاوہ آر ٹی سی ، ضلع کلکٹرس ، پولیس عہدیدار ، آر اینڈ بی ، ایجوکیشن اور دیگر محکمہ جات کو مشترکہ طورپر روڈ سیفٹی شعور بیداری مہم کا شہروں اور گاؤں میں اہتمام کرنا چاہئے۔ پونم پربھاکر نے اسکولوں اور کالجس میں خصوصی مہم کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کے ڈرائیورس کو روڈ سیفٹی کے سلسلہ میں خصوصی مہم میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی میں روزانہ تقریباً 60 لاکھ افراد سفر کرتے ہیں۔ اسپیشل چیف سکریٹری وکاس راج نے شعور بیداری مہم کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ مینجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی ناگی ریڈی نے بتایا کہ ہر سال آر ٹی سی بسوں کے 600 حادثات پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے حادثات میں کمی کیلئے ڈرائیورس کی خصوصی ٹریننگ کا ذکر کیا۔ تقریب میں کمشنر ٹرانسپورٹ ایلمبرتی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔1
