عام آدمی پارٹی کے رہنما پنجاب اسمبلی انتخابات میں زبردست اکثریت سے جیتنے کے بعد بہت خوش نظر آ رہے ہیں۔ عام آدمی لیڈر بھگونت مان 16 مارچ کو وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گے۔ قبل ازیں، عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے آج پنجاب میں روڈ شو منعقد کرکے پارٹی کو ووٹ دینے کے لیے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ روڈ شو میں سی ایم کیجریوال کے ساتھ بھگونت مان بھی موجود تھے اروند کیجریوال نے امرتسر کے روڈ شو میں کہا، تم لوگوں نے کمال کر دیا، پنجاب سے پیار کرو۔ پوری دنیا یقین نہیں کر سکتی کہ پنجاب میں اتنا بڑا انقلاب آیا ہے کہ سب ہار گئے۔ یہ بہت بڑا انقلاب ہے اور یہ صرف پنجاب کے عوام ہی کر سکتے تھے۔ پوری دنیا میں کسی اور میں اتنی طاقت نہیں تھی مجھے خوشی ہے کہ کئی سالوں بعد پنجاب کو ایک ایماندار وزیر اعلیٰ ملا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے عوام کو اطمینان دلایا کہ پنجاب کے خزانے کی ایک ایک پائی عوام پر خرچ کی جائے گی، الیکشن سے قبل کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ہمارے ایم ایل اے ادھر ادھر حرکت کرتے ہیں تو انہیں بخشا نہیں جائے گا۔