روہت اورپنت بشمول تمام مہنگے کھلاڑی ناکام

   

نئی دہلی : آئی پی ایل 2025 کی میگا نیلامی میں پیسوں کی بارش ہوئی، کئی کھلاڑیوں کے لیے زبردست بولی لگائی گئی اور وہ بہت زیادہ داموں میں یہ فروخت ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی آئی پی ایل کی 10 فرنچائزز نے اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے میگا نیلامی سے قبل ہی کچھ کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے دے کر برقرار رکھا تھا لیکن یہ تمام کھلاڑی اب تک ناکام ہوئے ہیں۔ اس میں پہلا نام رشبھ پنت کا ہے جنہوں نے تمام ریکارڈ توڑ دیے اور27 کروڑ کی بولی لگا کر آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بنے۔ ایونٹ شروع ہوا اور انہوں نے لکھنؤ سوپر جائنٹس کے لیے 2 میچوں میں 21 گیندوں کا سامنا کیا اور صرف 15 رنز بنائے ہیں۔اس کے ساتھ ہی اس سیزن کے تیسرے سب سے مہنگے کھلاڑی وینکٹیش ائیرکا بھی یہی حال ہے۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ان کے لیے 23.75 کروڑکی بولی لگائی تھی لیکن اب تک وہ 3 میچوں میں 16 گیندوں پر صرف 9 رنز ہی بنا پائے ہیں۔ ممبئی انڈینس کے سابق کپتان اور تجربہ کار کھلاڑی یعنی ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بھی کافی مایوس کیا ہے۔ روہت کو 16.30 کروڑ روپے میں برقرار رکھا گیا ہے اور انہوں نے اس سیزن میں 3 اننگز میں 20 گیندوں میں21 رنز بنائے ہیں۔ راجستھان رائلز کے لیے کھیلنے والے یشسوی جیسوال کو18کروڑ روپے میں برقرار رکھا گیا تھا، لیکن وہ بھی مکمل طور پر ناکام ہورہے ہیں اور 3 اننگز میں 34 رنز ہی بنا پائے ہیں۔ کے کے آر کے اسٹار کھلاڑی رنکو سنگھ بھی فارم میں نہیں ہیں اور 3 میچوں میں صرف29 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہیں 13 کروڑ روپے میں برقرار رکھا گیا۔ ان کھلاڑیوں کی کل لاگت 98.05 کروڑ روپے ہے لیکن ان کی کارکردگی کو دیکھ کرکہا جا سکتا ہے کہ یہ رقم ضائع ہوئی۔ایک طرف مہنگے کھلاڑی بری طرح ناکام ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب سستے کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی سے آئی پی ایل 2025 میں ہلچل مچا دی ہے۔ اس فہرست میں سب سے پہلے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اشونی کمار کا نام ہے ۔اشونی نے اپنے پہلے ہی مقابلے میں سب کو متاثر کردیا ہے ۔