روہت اور اگروال نے کئی ریکارڈز اپنے نام کرلئے

   

وشاکھا پٹنم ۔3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے خلاف روہت شرما اور مینک اگروال کی جوڑی نے پہلی وکٹ کیلئے ریکارڈ 317 رنز کی شراکت داری بناکر نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ اس دوران جہاں مینک اگروال نے اپنے ٹسٹ کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی ، وہیں روہت شرما 176 رن بناکر جنوبی افریقہ کے اسپنر کیشو مہاراج کا شکار بنے۔ انہیں کوئنٹن ڈی کاک نے اسٹمپ آوٹ کیا۔ حالانکہ اپنی اس ٹریپل سنچری کی شراکت داری کے دوران روہت نے ٹسٹ کرکٹ کے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے۔ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں وشاکھاپٹنم میں تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کھیل رہی ہیں جس میں مینک اگروال اور روہت شرما کی جوڑی جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری لگانے والی دنیا کی پہلی اوپننگ جوڑی بن گئی ہے۔ اس جوڑی نے دونوں ممالک کے درمیان ہوئے سبھی ٹسٹ میں سب سے زیادہ رنوں کی شراکت داری کا ریکارڈ بھی بنایا ہے۔ اس سے پہلے کولکاتہ میں سال 1996 میں گیری کرسٹن اور اینڈرائیڈ ہڈسن نے پہلی وکٹ کیلئے ہندوستان کے خلاف 236 رنوں کی شراکت داری کی تھی۔ روہت اور مینک کی جوڑی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹریپل سنچری کی شراکت داری کرنے والی پہلی ہندوستانی اوپننگ جوڑی بن گئی ہے۔ ساتھ ہی یہ تیسرا موقع ہے جب ہندوستانی اوپنرس نے 300 سے زیادہ رنوں کی شراکت داری کی ہے۔ مینک اور روہت کی شراکت داری ایک اور معنوں میں خاص ہے۔ یہ جوڑی گھریلو سرزمین پر اپنی پہلی ہی اننگز میں سنچری لگانے والی بھی پہلی ہندوستانی جوڑی بن گئی ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف یہ ہندوستان کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت داری ہے۔ اس سے پہلے سال 2004 میں کانپور ٹسٹ میں ویریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر نے جنوبی افریقہ کے خلاف اوپنرس جوڑی کے طور پر 218 رنز بنائے تھے۔