نئی دہلی، 24 دسمبر (آئی اے این ایس) وجے ہزارے ٹرافی کے افتتاحی دن کے پہلے نصف حصے میں جہاں ریکارڈ توڑ سنچریاں موضوعِ بحث رہیں، وہیں دوسرے نصف میں روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے اپنی اپنی سنچریوں کے ذریعے تمام توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی، جب دونوں نے اس ونڈے ڈومیسٹک ٹورنمنٹ میں شاندار واپسی کی۔روہت شرما نے سکم کے خلاف ممبئی کی جانب سے محض 62 گیندوں میں سنچری اسکور کی، جبکہ کوہلی نے آندھرا پردیش کے خلاف 83 گیندوں میں شاندار سنچری مکمل کی، اور دونوں ہی کھلاڑیوں نے اپنے حریفوں پر مکمل غلبہ حاصل کیا۔روہت نے ممبئی کے لیے سات برس بعد کھیلے گئے اپنے پہلے وجے ہزارے ٹرافی میچ میں سنسنی خیز واپسی کرتے ہوئے سنچری بنائی۔ جے پور میں سکم کے 236 رنز کے ہدف کے تعاقب میں روہت نے پراعتماد آغاز کیا اور چھکوں اور چوکوں کی جھڑی لگا دی، جس سے ہدف آسان دکھائی دینے لگا۔50 اوورز کی کرکٹ میں 14 ہزار رنز کے قریب پہنچنے والے سابق کپتان کی یہ سنچری لسٹ اے کرکٹ میں ان کی 37ویں سنچری تھی، جو ہندوستان کے لیے ان کی 33 بین الاقوامی سنچریوں کے علاوہ ہے۔روہت کی شاندار 155 رنز کی اننگز کے بعد، کوہلی نے بھی 15 برس بعد وجے ہزارے ٹرافی میں واپسی کو یادگار بناتے ہوئے بنگلورو میں بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسی لینس میں آندھراپردیش کے خلاف 299 رنز کے تعاقب میں روایتی انداز کی سنچری اسکور کی۔
