روہت تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ،گل ونڈے میں بدستور سرفہرست

   

دبئی: حال ہی میں اختتام پذیر آئی سی سی مینز چمپئنز ٹرافی میں کامیابی کے بعد ہندوستانی کپتان روہت شرما ونڈے بیٹنگ درجہ بندی میں دو درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ان کے ساتھی اوپنرشبھمن گل بدستور سرفہرست ہیں۔ ہندوستان نے چمپئنز ٹرافی کا تیسرا خطاب جیتا اور دبئی میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دی۔ اس شاندار کارکردگی کے بعد دونوں ٹیموں کے اسٹار کھلاڑیوں کو چہارشنبہ کو جاری ہونے والی تازہ ترین درجہ بندی میں انعام دیا گیا۔ فائنل میں 83 گیندوں پر76 رنزکی میچ وننگ اننگزکھیلنے والے روہت شرما دو درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ انہیں فائنل میں شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ دوسری جانب ویراٹ کوہلی نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 218 رنز بنائے اور وہ پانچویں نمبر پر برقرار ہیں۔ نیوزی لینڈ کے بیٹروں نے بھی نمایاں پیش رفت کی۔ ڈیرل مچل ایک درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ نوجوان اسٹار راچن رویندرا نے 14 درجے ترقی کرتے ہوئے 14واں مقام حاصل کر لیا۔گلن فلپس نے بھی چھ درجے ترقی کی اور 24 ویں نمبر پرآگئے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے بولنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 وکٹیں حاصل کیں، جن میں فائنل میں لی گئی دو وکٹیں بھی شامل ہیں۔ اس شاندار کارکردگی کی بدولت وہ چھ درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور اب ان سے آگے صرف سری لنکا کے مہیش تھیکشانا ہیں۔ کیوی بولر مائیکل بریسویل نے بھی 10 درجے ترقی کر کے 18واں مقام حاصل کر لیا ہے۔ ہندوسانیاسپنرز کلدیپ یادو اور رویندرا جڈیجہ نے بھی چمپئنز ٹرافی میں بہترین کارکردگی دکھانے کے بعد اپنی درجہ بندی بہتر کر لی ہے۔کلدیپ، جنہوں نے ٹورنمنٹ میں7 وکٹیں حاصل کیں، تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ جڈیجہ پانچ وکٹیں لینے کے بعد 10ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی ونڈے میں سرفہرست آل راؤنڈر برقرار ہیں، لیکن چمپئنز ٹرافی کے بعد آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی بڑی تبدیلیاں دیکھی گئیںاور کچھ کھلاڑیوں نے ترقی کی ہے ۔ مچل سینٹنر چوتھے نمبر پرآگئے، جبکہ مائیکل بریسویل (7ویں نمبر) اور راچن رویندرا (8ویں نمبر) پر پہنچ گئے ہیں۔