روہت سے کوئی اختلافات نہیں،ٹیم متحد:ویراٹ کوہلی

   

ممبئی۔30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے واضح طور پر کہا کہ ان کے اور ونڈے ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے روانہ ہونے سے پہلے پریس کانفرنس میں صاف طور پر کہہ دیا کہ ٹیم میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ کوہلی کے ساتھ موجودکوچ روی شاستری نے ان خبروںکو بے بنیاد قراردیا۔ ورلڈکپ میں ہندوستانی ٹیم کے سیمی فائنل میں باہر ہونے کے بعد ایسی خبریں آنے لگی تھیں کہ ٹیم میں اندرونی اختلافات ہیں ۔کوہلی اور نائب کپتان روہت کے درمیان اختلافات ہیں۔ ان اختلافات میں کوہلی کی بیوی انوشکا شرما اور روہت کی بیوی رتیکا کو بھی شامل کر لیا گیا تھا۔ یہ خبریں برابر آ رہی تھیں کہ ان کھلاڑیوں کی بیویاں سوشل میڈیا پرکرکٹروں کو ان فالوکر رہی ہیں۔ ہندستانی کپتان سے جب ٹیم میں اختلافات کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ گزشتہ چند دنوں میں میں نے بھی ایسا سنا ہے۔ یہ سب کچھ باہر سے سننے میں ملتا ہے لیکن میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اگر ٹیم کے اندر ماحول اچھا نہیں ہوتا توگزشتہ دو تین برسوں میں ہم ہر شکل میں ویسی اچھی کارکردگی نہیں کر پاتے جیسا ہم مسلسل کر رہے ہیں۔ ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہماری کارکردگی میں تسلسل رہتا ہے۔روہت کے ساتھ اختلافات کی خبروں پر کوہلی نے کہاکہ اگر میں کسی شخص کو پسند نہیں کرتا ہوں تو یہ بات آپ میرے چہرے پر پڑھ سکتے ہیں یا اسے میرے رویے میں دیکھ سکتے ہیں۔ میں نے ہمیشہ روہت کی تعریف کی ہے کیونکہ مجھے یقین ہے کہ وہ ایک اچھے شخص ہیں۔ ہمارے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ یہ عجیب سی بات ہے کہ ایسی خبریں کہاں سے آتی ہیں اور ایسی باتوں سے کس کو فائدہ ہوتا ہے۔کوچ شاستری نے کپتان سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ ٹیم تمام فارمیٹ میں اچھا مظاہرہ کر رہی ہے اور یہ تسلسل ایک اچھے ٹیم ماحول کی وجہ سے ہے۔ شاستری نے کچھ سخت الفاظ میں اس طرح کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔ بی سی سی آئی نے ایک ریلیز جاری کر کے کہا تھاکہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر جانے سے قبل کپتان کوہلی پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے لیکن جب پریس کانفرنس شروع ہوئی تو کوہلی کے ساتھ شاستری بھی موجود تھے۔ شاستری کا کوچ کے طور پر یہ آخری دورہ ہے اور اس دورے کے بعد ہندستانی ٹیم کا نیا کوچ منتخب کیا جائے گا۔دریں اثناء کوہلی نے اس آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کے متعلق کہاکہ ہندستانی ٹیم اس چمپئن شپ میں اپنے ہاتھ آئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کرے گی۔کپتان نے کہاکہ ہم پورے جوش کے ساتھ آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا انتظارکر رہے ہیں اورکھیل کے طویل فارمیٹ کے لئے یہ نئے طول و عرض لیکر آئے گی۔ ٹسٹ کرکٹ بہت مشکل ہے اور کھیل کے اس روایتی شکل میں سرفہرست رہنا بہت تسلی بخش ہوگا۔ ہندستانی ٹیم نے گزشتہ برسوں میں کافی اچھی کارکردگی ہے اور اس چمپئن شپ میں بھی وہ اپنے موقع سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کرے گی۔ آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، ہندستان ، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز وہ 9 ٹیمیں ہیں جوچمپین شپ میں سرفہرست آنے کے لئے اگلے دو برسوں میں جدوجہدکریں گی۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے سال 2009 میں اس چمپئن شپ کے لئے منصوبہ تیارکیا تھا جسے 2010 میں اجازت دی گئی۔